کراچی: امیر جماعت اسلامی زون دستگیر منیر یعقوب ، جنرل سیکریٹری فیصل عبد الغنی اور سیکریٹری اطلاعات محمود حامد نے دستگیر بلاک 14 اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی قلت پر گہری تشویش کا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں پانی کی کمی کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے مگر انتظامیہ اس جانب توجہ نہیں دے رہی۔ پانی کی قلت روز کا معمول ہے لیکن علاقے میں گزشتہ 4 دنوں سے بالکل پانی فراہم نہیں کیا جارہا۔
4 روز سے پانی کی بندش کے بعد گھروں اور میں پینے کے پانی تک کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے اور لوگ بوند بوند کو ترس رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ دستگیر بلاک 14 میں پانی کی مصنوعی قلت پیدا کی جارہی ہے پانی کے مسائل تقسیم کی مناسب دیکھ بھال اور انتظامیہ کی دلچسپی کے ذریعے حل ہوسکتے ہیں لیکن واٹر بورڈ انتظامیہ اس جانب توجہ دینے کو تیار نہیں ۔ جمعہ کے دن بھی علاقہ مکین پانی کی تلاش میں در در بھٹکتے رہے جب کہ مساجد سے بھی پانی کی کمی کا اعلان کیا جاتا رہا۔
انھوں نے مزید کہا کہ واٹر بورڈ انتظامیہ اپنی کرپشن اور نا اہلی چھپانے میں اس قدر مصروف ہے کہ اسکو عوام کی تکلیف کا احساس نہیں ۔ امیر جماعت اسلامی دستگیر منیر یعقوب نے مطالبہ کیا کہ دستگیر بلاک 14 اور اس سے ملحقہ علاقوں میں پانی کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔