لاہور (جیوڈیسک) برصغیر کے معروف روحانی بزرگ حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمتہ اللہ علیہ کے 803 ویں سالانہ عرس کی مناسبت سے لاہور میں ان کے حجرہ اعتکاف کو عرقِ گلاب سے غسل دیا گیا۔
حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمتہ اللہ علیہ نے لاہور میں حضرت علی ہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش کے مزار کے احاطے میں چلہ کاٹا تھا۔ اس مناسبت سے ان کے حوالے سے مخصوص حجرے کو ان کے عرس کے موقع پر ہر سال عرق گلاب سے غسل دیا جاتا ہے اور عرس کی تقریبات منائی جاتی ہیں۔
سیکریٹری اوقاف شہریار سلطان نے حجرہ اعتکاف حضرت خواجہ معین الدین چشتی پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ عقیدت مندوں کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ان اولیائے کرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر معاشرے سے بدامنی کا خاتمہ اور امن کا پرچار کیا جاسکتا ہے۔