بیٹی کے رومانوی مناظر پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا، گووندا

Govinda

Govinda

جے پور (جیوڈیسک) بھارتی فلم نگری میں اپنی مزاحیہ اداکاری اور ڈانس کی انفرادیت سے شہرت پانے والے سپراسٹار گووندا کی بیٹی نرمادا بھی بالی ووڈ میں انٹری کے لئے تیار ہیں، گووندا کا کہنا ہےکہ ان کی بیٹی جس طرح کا بھی کام کریں انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

بھارتی ریاست راجستھان میں ایک پروگرام میں شرکت کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیٹی کی بالی ووڈ میں انٹری سے متعلق ایک سوال پر گووندا کا کہنا تھا کہ گلیمر کی دنیا کے اپنے قواعدوضوابط ہیں جب کہ رومانوی مناظر بھارتی فلموں کا حصہ ہیں لہذا اگر فلم کے اسکرپٹ میں رومانس موجود ہیں تو میری بیٹی بھی وہ مناظر فلما سکتی ہے اور اس پر مجھے کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایک آرٹسٹ ہونے کے ناطے اداکار کو ہر وہ کام کرنا چاہئے جو اس کا پیشہ تقاضہ کرتا ہے تاہم اگر میری بیٹی اس طرح کے کام سے مطمئن نہ ہوتو وہ انکار کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ گووندا کی بیٹی نرمادا بالی ووڈ میں انٹری دینے کےلئے تیار ہیں اور وہ اپنی پہلی فلم میں پنجابی فلموں کے معروف اداکارہ گپی گریوال کے ساتھ نظر آئیں گی۔