بیٹی کا گلا گھونٹ دیا، بیٹا باپ کی ٹھوکروں سے ہلاک

Father

Father

سیالکوٹْ / بھوانہ (جیوڈیسک) بیٹیاں رحمت اور بیٹے نعمت ہوتے ہیں لیکن یہ کیسا ظلم ہے جہاں رحمت کی قدر ہے نہ نعمت کی۔ سیالکوٹ تھانہ کینٹ کے نواحی علاقہ پلی توپ خانہ کے رہائشی جمیل کو شبہ تھا کہ اسکی بیوی کے کسی کے ساتھ نا جائز تعلقات ہیں اس رنجش پر ملزم نے اپنی بیوی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور اپنی ہی چھ سالہ بیٹی تسمیہ کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔ ملزم کو شبہ تھا کہ چھ سالہ بیٹی تسمیہ بھی کسی اور کی اولاد ہے۔

پولیس نے ملزم جمیل کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ قتل کی دوسری لرزہ خیز واردات بھوانہ میں ہوئی جہاں گزشتہ روز نور اکبر اپنی روٹھی بیوی عنبرین بی بی کو منانے اپنی سالی کے گھر پہنچا۔

بیوی کے واپس نہ جانے پر اس نے طیش میں آ کر اپنے ہی چھ ماہ کے بچے عثمان علی کو ٹھوکریں مار مار کر ہلاک کر دیا۔ پولیس تھانہ بھوانہ نے موقع پر پہنچ کر لاش قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا۔