سرگودھا (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سرگودھا میں ایک بڑے جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اہل کشمیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ وہ سالہاسال سے بھارتی فوج کا ظلم برداشت کر رہے ہیں اور پھر بھی ڈٹے ہوئے ہیں۔
عمران خان نے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب پر لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوؤں کے حوالے سے بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ بجلی نہ دی تونام بدل دینا تو اب ان کا نام بدل دینا چاہئے۔ انہوں نے عوام سے پوچھا کہ وہ وزیر اعلیٰ کا کیا نام رکھنا چاہتے ہیں؟
عمران خان نے مزید کہا کہ نواز شریف نے یوسف رضا گیلانی سے کہا کہ تمہارے خلاف تحقیقات ہو رہی ہیں، گھر جاؤ، گیلانی کیخلاف جب ٹرائل شروع ہوا تو نواز شریف نے استعفیٰ مانگا تھا، قطری خظ کے فراڈ نکلنے پر نواز شریف کس طرح کرسی پر بیٹھے ہیں؟ ساری قوم جانتی ہے کہ قطری خط فراڈ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج اگر افغانستان میں کچھ ہوتا ہے تو الزام پاکستان پر لگا دیا جاتا ہے، بھارت میں کوئی دہشتگردی ہو تو بھی وہ الزام ہماری فوج پر لگاتے ہیں، بھارت کشمیر کی آزادی سے توجہ ہٹانے کے لئے پاکستانی فوج کو بدنام کرتا ہے، یہ ہمارے دشمنوں کی عالمی سازش ہے۔
ڈان لیکس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈان لیکس پاکستان کا بڑا اہم ایشو ہے، دشمن چاہتے ہیں کہ پاکستانی افواج کو کمزور کیا جائے، ڈان لیکس میں کہا گیا کہ نواز شریف بھارت سے دوستی چاہتا ہے لیکن فوج نہیں مان رہی، یہی نریندر مودی بھی کہتا ہے، اگر بھارت میں اس طرح ہوتا تو 48 گھنٹے میں وہاں ایکشن ہو جاتا، یہ فوج اور حکومت نہیں پاکستان کے عوام کا ایشو ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ میمو گیٹ پر نواز شریف کالا کوٹ پہن کر سپریم کورٹ گئے، اب وہ ہمیں کیوں روک رہے ہیں؟ ایل او سی اور افغان، بھارت بارڈر پر کشیدگی ہے اور حکومت فوج کو بدنام کر رہی ہے۔ عمران خان بولے، فوج کے پاس کیا چوائس تھی؟ کیا وہ مارشل لاء لگا دیتی؟ عمران خان نے مطالبہ کیا کہ ڈان لیکس تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ کو پارلیمنٹ کے سامنے رکھا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کنگال ہو رہا ہے اور قرضوں میں ڈوب رہا ہے مگر نواز شریف کہتا ہے کہ خوشحال ہو رہا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ آجکل نواز شریف مجھے ڈسکوالیفائی کرنے کی باتیں کر رہا ہے، نواز شریف سن لو! تحریک انصاف پہلی جماعت ہے جس کے سارے پیسے کا آڈٹ ہوتا ہے، ہمیں بیرون ملک سے پاکستانیوں سے بھی پیسہ آتا ہے۔ عمران خان نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ نواز شریف کا وکیل کہتا ہے کہ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی محب وطن نہیں ہیں۔