کراچی (جیوڈیسک) سندھ حکومت کی جانب سے یوم حضرت علی کے موقع پر شہر قائد میں موبائل فون سروس معطل کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔
کراچی میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے 21 رمضان المبارک کو یوم حضرت علی کے جلوس کے موقع پر شہر بھر میں صبح 4 سے رات 11 بجے تک موبائل فون سروس معطل رہے گی، جس کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے جب کہ کراچی سمیت اندورن سندھ میں آج سے 3 روز سے تک موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی بھی عائد کی جاچکی ہے۔
دوسری جانب محکمہ داخلہ کی جانب سے یوم حضرت علی کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے، ذرائع کے مطابق کراچی کےمختلف علاقوں سے برآمد ہوکر ایم اے جناح روڈ پر پہنچنے والے جلوسوں کے شرکا کی حفاظت کے لئے 14 ہزار اہلکار تعینات کئے جائیں گے جب کہ جلوس میں شرکت کرنے والوں کو واک تھرو گیٹ کے ذریعے داخلے کی اجازت ہوگی اور داخلی و خارجی راستوں پر کنٹینر بھی لگائے جائیں گے۔