یوم علی کرم اللہ وجہہ پر پنجاب کے آٹھ اضلاع حساس قرار، موبائل سروس کی بندش کا امکان

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے یوم شہادت پر کراچی ، لاہور ، راولپنڈی ، حیدرآباد اور سکھر سمیت بڑے شہروں میں موبائل فون سروس بند رہنے کا امکان ہے ، پشاور میں آج اور حیدر آباد میں کل ڈبل سواری پر پابندی ہو گی ، حساس اداروں نے پنجاب کے آٹھ اضلاع اور پچیس مقامات کو انتہائی حساس قرار دے دیا۔

سندھ حکومت نے یوم علی کرم اللہ وجہہ پر کراچی ، حیدرآباد اور سکھر سمیت بڑے شہروں میں موبائل فون سروس بند رکھنے کی تجویز وفاق کو بھجوا دی ہے۔ ان شہروں میں صبح چار بجے سے رات گیارہ بجے تک موبائل فون سروس معطل رہے گی۔ دوسری طرف کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی ہے ، پشاور میں آج

اور حیدرآباد میں کل ڈبل سواری پر پابندی ہو گی ادھر پنجاب حکومت نے بھی راولپنڈی میں موبائل فون بند رکھنے کی درخواست وزارت داخلہ کو بجھوا دی ہے۔ حساس اداروں کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے آٹھ اضلاع اور پچیس مقامات کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

ان اضلاع میں گوجرانوالہ ، راولپنڈی ، فیصل آباد ، سرگودھا ، ملتان ، ساہیوال ، ڈی جی خان اور بہاولپور شامل ہیں۔ ممکنہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب نے لاہور میں کنٹرول روم قائم کر دیا ہے جس کی سربراہی ایڈیشنل سیکرٹری ہوم کریں گے ۔ چیف سیکرٹری نے انتظامی حکام سمیت تمام سیکرٹریوں کو الرٹ رہنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے ہیں۔