یوم علی : جلسے جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے پلان تیار

Security

Security

کراچی (جیوڈیسک) یوم علی کے موقع پرماتمی جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کیلئے پلان تیار کرلیا گیاہے، مختلف مقامات پر ایس آرپی ریپڈ رسپانس فورس، پولیس کمانڈوز کے علاوہ اسپیشلائز یونٹ کے افسران و جوانوں کی اضافی نفری کو تعینات کیا جائے گا، اس حوالے سے آئی جی سندھ کو رپورٹ پیش کردی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پولیس کمانڈوز کو نشتر پارک، تبت سینٹر، کھارادر، ایمپریس مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ اور شاہ خراساں روڈ پر تعینات کیا جارہا ہے۔

جبکہ آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انٹیلی جنس ایجنسی کو مزید بڑھانے کے ساتھ ساتھ مشکوک سرگرمیوں اور عناصر کے حوالے سے فوری طور پر فیلڈ پر تعینات افسران کو آگاہ کیا جائے، سیکیورٹی امور میں تمام تر تعاون کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جلوس کے روٹس اور اہم مقامات پر بم ڈسپوزل عملے، فائر بریگیڈ اور ریسکیو ایمبولینسز کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے، بلند عمارتوں پراسپیشل کمانڈوز کو تعینات کیا جائے،آئی جی سندھ نے کہا کہ علاقے میں گذشت کو موثر بنایا جائے۔

رمضان کے آخری عشرے میں مساجد، امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ شاپنگ سینٹرز کی سیکیورٹی بھی موثر بنائی جائے۔ دریں اثنا کراچی میں یوم علی کے موقع پر سیکیورٹی کے لئے پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات سے مال بردار کنٹینرز کو تحویل میں لینے کا سلسلہ جاری ہے، نشتر پارک میں بڑی تعداد میں ایسے کنٹینرز کو ڈرائیور سمیت رکھا گیا ہے۔