یوم عاشور: سندھ ، بلوچستان کی موبائل فون سروس بند کرنیکی سفارش

Mobile Phone Service

Mobile Phone Service

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت سندھ اور بلوچستان نے یوم عاشور پر موبائل فون بند رکھنے کیلئے وزارت داخلہ کو مراسلہ بھیج دیا، جبکہ کراچی میں نو اور دس محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے لیے سیکورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

حکومت سندھ نے کراچی سمیت پانچ اضلاع میں دس محرم الحرام کو موبائل فون بند رکھنے کی سفارش کی ہے وفاقی حکومت کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یوم عاشور پر کراچی، سکھر، خیرپور، لاڑکانہ اور حیدرآباد میں موبائل فون سروس بند کر دی جائے۔

حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ حساس اداروں نے ان شہروں میں دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا ہے جبکہ، کراچی میں نواور دس محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کیلئے سیکورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

پولیس اور انتظامیہ نے ایم اے جناح روڈ کے اطراف راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا ہے۔ ایم اے جناح روڈ کے داخلی راستے اور دکانیں یوم عاشور کے اختتام تک بند رہیں گی۔ پولیس نے مزار قائد کے احاطے میں بھی عارضی مورچے قائم کر لیے ہیں اور نمائش چورنگی کے اطراف سی سی ٹی وی کیمروں کی مرمت کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ محکمہ داخلہ بلوچستان نے بھی وفاقی حکومت کو لکھے گئے ایک مراسلے میں سفارش کی ہے کہ کوئٹہ میں دس محرم الحرام کو موبائل فون سروس بند کر دی جائے۔