اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ لاہور میں 8 جانوں کے ضیاع پر یوم سوگ کا اعلان کر کے الطاف حسین نے احسان فراموشی کی۔ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کو لاہور میں 8 جانوں کے ضیاع پر سوگ یاد آ گیا لیکن اگر ہم ایم کیو ایم کے ہاتھوں کراچی میں مرنے والوں کا سوگ منائیں تو 365 دن بھی کم ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کو عوامی تحریک کے کارکنان کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر دلی دکھ اور غم ہے، کارکن کسی بھی جماعت کا ہو اس کی زندگی بہت اہم ہوتی ہے، ہمیں یقین ہے کہ پنجاب حکومت کے اعلان کے مطابق جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ طاہر القادری ملک میں لاقانونیت اور فساد پھیلانے کے لئے ایک عرصے سے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس تصادم کے نتیجے میں طاہرالقادری کے ایجنڈے کو کامیابی ملی ہے کیوں کہ وہ ایک طویل عرصے سے نہ جانے کن طاقتوں کی ایما پر فتنے اور فساد پھیلانے میں سرگرم ہیں اس سے قبل پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بھی انہوں نے بچوں اور خواتین کو ڈھال بنا کر ملک میں فساد پھیلانے کی کوشش کی۔