کراچی : معروف مذہبی اسکالر و جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے ویلنٹائنز ڈے پر پابندی خوش آیند ہے، اسلامی جمہوریہ میں بے حیائی کے فروغ کی ہر گز اجازت نہیں دی جاسکتی ہے، ویلنٹائنزڈے مسلم نوجوانوں کو بے راروی کی طرف دھکیلنا ہے، جدید فتنوں کی سرکوبی اور نسل نو کو اخلاقی انحطاط سے بچانے کیلئے علماء کرام کو میدان میں آنا ہو گا۔
پیرکوجامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمدنعیم نے کہااسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جس کے سنہرے اصولوں پر عمل کرکے ہی دنیا کو اندھیروں اور بے راہراوی سے نکالاجاسکتاہے ،مسلمان دنیا کی وہ واحد خوش قسمت قوم ہے جس کا کلچر دنیا کے تمام مذہب میں سب سے زیادہ محبت کو پھیلانے والا کلچر ہے اسلام سراپا محبت ہے دن منانے کا محتاج نہیں ہے ، انہوں نے کہاکہ مغربی کلچر میں موجود خرابیوں کو تیزی سے مسلم نوجوانوں میں پھیلایاجارہاہے ، ایک طرف نسل نو سے رشتوں کے تقدس کو چھینے کوشش کی جارہی ہے تو دوسری جانب عیاشی اور سرور کی محفلوں کو عام کرکے اخلاقیات کی تباہی کا سامان فراہم کرکے مذہب سے دور کیاجارہاہے، انہوں نے کہاکہ علماء کرام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ جدید فتنوں کی سرکوبی اور نسل نو کو اخلاقی انحطاط سے بچانے کیلئے کردار ادا کریں کیونکہ علماء معاشرے کو درست سمت چلانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اس میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے ،انہوں نے کہاکہ نوجوان ویلنٹائنز ڈے مسلم نوجوانوں کو بے راوی کی طرف دھکیلنے کا حربہ ہے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے پابندی قابل تحسین ہے۔