نویں ذی الحجہ یعنی یوم عرفہ کے بارے میں آپ کو علم ہونا چاہئے:
یہ دن گھر کو صاف ستھرا کرنے کا نہیں، نہ ہی شاپنگ کا اور نہ ہی آرام و نیند کا یہ دن ہے۔
یہ وہ دن ہے جسے اللہ تعالی نے خود عظیم مقام عطا فرمایا ہے۔ یہ وہ دن ہے جسے اللہ تعالی بڑا شرف بخشتے ہیں۔ یہ وہ دن ہے جس میں اللہ تعالی اھل عرفہ کے بارے میں فرشتوں کے سامنے فخر کرتے ہیں۔ یہ ایسا مبارک دن ہے جو جہنم سے لوگوں کو آزادی کا پروانہ دیتا ہے۔ یہ دن اطاعت رب اور اس کی بھرپور عبادت کا ہے۔ سب سے بہترین دعا عرفہ کے دن کی دعا ہے۔
ہمیں خوب کوشش کرنا ہے کہ اس دن ایک سانس بھی اللہ تعالی کی اطاعت یا قربت کا عمل کئے بغیر نہ نکلے۔ دنیا کے جواھرات میں ایک جوہر اگر گم ہو جائے تو کتنی تکلیف ہوتی ہے پھر دنیا کے افضل دن کو کیسے ہم ضائع کرسکتے ہیں–!
اگر شب قدر ہم نہ جان سکے تو عرفہ کا دن تو نہیں بھول سکتے۔ اگر شب قدر میں آسمان سے فرشتے اترتے ہیں تو اس روز ہمارا رب کریم خود نازل ہوتا ہے لھذا اس دن کو غنیمت جانیں اور جتنی بھی خیر اس روز کر سکتے ہیں اسے کر ڈالیں۔
نویں ذی الحجہ کا شیڈول بہت ہی عمدہ بنایا جاسکتا ہے۔ بلکہ اس شیڈول کو اپنے احباب کو بھی بھیجا جا سکتا ہے۔ بس یہ ایک دن کا ہے جو سال میں ایک ہی مرتبہ آتا ہے:- ۱۔ رات جلدی سو جائیے تاکہ اللہ تعالی کی عبادت واطاعت میں کچھ ہمت وطاقت محسوس ہو۔ ۲۔ فجر سے پہلے اٹھ جائیے تاکہ آپ اس دن کے روزے کی نیت کرکے سحری کھائیں۔یہ روزہ ہمارے گذشتہ اور آنے والے سال کے گناہوں کو مٹوادے گا۔ ۳۔ پھر کم از کم دو یا چار رکعات نوافل پڑھئے اور حالت سجدہ میں رب غفور سے دنیا و آخرت کی ہر خیر وبھلائی کی خوب دعا کیجئے۔ اس کی خوب حمد و ثنا کیجئے کہ اللہ تعالی نے مجھے اس دن تک پہنچایا جس میں رحمتوں کی برکھا برستی ہے اور خوب بخشش ہوتی ہے۔ 4۔ فجر سے قبل کا وقت استغفار کرنے میں لگا دیجئے۔تاکہ ہمارا شمار سحری کے وقت استغفار کرنے والوں میں ہو جائے۔ ۵۔ اذان فجر سے کم از کم پانچ منٹ قبل تیار ہو جائیے۔ اور یاد رکھئے ہمارے سارے گناہ دوران وضوء آخری قطرے کے ساتھ نکل جاتے ہیں۔ 6۔ پھر وضوء کے بعد کی دعا پڑھئے۔ ۷۔ فجر کی نماز باجماعت پڑھئے اور اپنی جگہ طلوع صبح تک بیٹھے ذکر واذکا ر اور تلاوت قرآن کریم میں گزارئیے۔ ۸۔ سلام کے بعد تکبیرات پڑھنا بھی نہ بھولئے۔ ۹۔ نماز شروق کو بھی وہیں ادا کیجئے تاکہ آپ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ادا کئے گئے حج وعمرہ کا ثواب پاسکیں۔ اس نماز کو بالکل نہ بھولئے۔ ۱۰۔ اب آپ چاہیں تو سارا دن بالکل نہ سوئیں اور نہ ہی کوئی لمحہ بغیر یاد الہی یا دعا کے گذاریں۔ یا تھوڑی دیر سو جائیں اور نیت یہ ہو کہ اللہ تعالی کی مزید عبادت کے لئے میں تروتازہ ہو نا چاہتا ہوں۔ اٹھ کر چار رکعت نماز چاشت ادا کریں اور رب کریم کی بندگی اور اس کی رضا پانے کے راستے تلاش کریں۔ مثلا صدقہ کرنا، بیمار کی عیادت یا رشتہ داروں کا خیال وغیرہ۔تاکہ اکتاہٹ نہ ہو۔ تکبیر، ذکر، تلاوت، اور لاإلہ إلا للہ وحدہ لا شریک لہ ، لہ الملک ولہ الحمد وھو علی کل شئ قدیر۔ خوب پڑھیں۔ ۱۱۔ نماز ظہر با جماعت ادا کیجئے اور تکبیر و تسبیح و تحمید کے ساتھ ساتھ تلاوت قرآن کریم بھی کیجئے۔ ۱۲۔ نماز عصر بھی ادا کیجئے اور تکبیرات کے ساتھ شام کے اذکار بھی کیجئے۔ ۱۳۔ مغرب سے تھوڑی دیر قبل تک قرآن مجید کی تلاوت اور دعائیں عاجزی سے کیجئےاور اپنی دعا میں اپنے پیاروں کو نہ بھولئے۔ ۱۴۔ اللہ تعالی سے دعاء کیجئے کہ مولی سورج اس وقت تک نہ ڈوبے جب تک مجھے جہنم سے آزادی کا پروانہ نہ مل جائے۔ اللہ ہم سب کو ان اعمال کے بجا لانے کی توفیق عطا فرمائے۔ ہم اللہ تعالی سے اپنےاورآپ کے لئے قبولیت دعا کی درخواست کرتے ہیں۔ ۱۵۔ اذان مغرب ہوتے ہی افطار کر لیجئےاور بھولئے نہ کہ اللہ تعالی تو روزہ دار کی دعا کو اس روز خالی نہیں لوٹاتا۔اللہ تعالی ہم سب کو جہنم سے آزادی کا پروانہ نصیب فرما دے۔ آمین