لاہور (اقبال کھوکھر) قانونی ادارہ CLAAS کے ڈائریکٹر وقدیم سیاسی جماعت پاکستان کرسچن نیشنل پارٹی اور 21 سیاسی جماعتوں پر مشتمل پاکستان کرسچن الائنس کے نومنتخب چیئرمین ایم اے جوزف فرانسس نے 11 اگست کو یوم اقلیت کی بجائے یوم سیاہ منانے کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے قیام وتکمیل پاکستان میں اقلیتوں کا مثالی کردارتاریخ سے مسخ کرتے ہوئے ہر سطح پر اقلیتوں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی ہے۔
لفظوں کے ہیر پھیر سے اقلیتوں کولالی پوپ دینے کی بجائے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں کے مطابق مساویانہ ریاستی شہری حقوق کی فراہمی ممکن بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
پی سی این پی سیکریٹریٹ لاہور میں پارٹی کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے ایم اے جوزف فرانسس نے کہا کہ جب تک اقلیتوں کو برابر کے آئینی حقوق میسر نہیں ہوتے تب تک ہم ہرسال کی طرح یوم اقلیت کو”یوم سیاہ” کے طور پر مناتے ہوئے پریس کلب لاہور کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قائداعظم کے11اگست کے خطاب کو آئین کاحصہ بنایا جائے۔