اسلام آباد (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ حکومت نے آئندہ 2 سے 3 روزمیں مسئلہ حل نہ کیا تو معاملہ ہاتھ سے نکل جائے گا اور ملک میں خانہ جنگی کا مقدمہ نواز شریف پر بنے گا۔
اسلام آباد میں پمز اسپتال میں زیر علاج تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ انہیں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے گزشتہ روز کے بیان پر بہت خوشی ہوئی کیونکہ وہ معاملے کی سنگینی کو سمجھ رہے ہیں۔ ملکی معاملات کے حوالے سے رواں ہفتہ بہت اہم ہے۔
طاہر القادری اور عمران خان اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ حکومت کے پاس اس معاملے کے حل کے لئے دو سے 3 روز ہیں اگر دوران مسئلہ حل نہ ہوا تو پھر معاملہ ہاتھ سے نکل جائے گا۔ اگر ایسا ہوا تو بہت خون خرابہ ہوگا اور ملک میں خانہ جنگی کا مقدمہ نواز شریف پر بنے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس وقت وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ وہیں لوگ ہیں جنہوں نے انتخابات کے بعد 2،2 وزارتیں، گورنری اور اعلیٰ عہدے حاصل کرکے کمیشن کمایا ہے۔ جسے بھی عوام کے ساتھ رہنا ہے اسے عمران خان یا ڈاکٹر طاہر القادری کا ساتھ دینا ہو گا۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو عمران خان کی حمایت کرنی چاہیئے کیونکہ ان دونوں جماعتوں باہر نکلنے سے ہی مسئلہ حل ہوگا۔