کے پی: دو روز میں تین یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز عہدوں سے فارغ

Universities

Universities

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) گورنر خیبرپختونخوا نے ویمن یونیورسٹی صوابی اور گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کو عہدوں سے ہٹا دیا۔

گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کو وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی صوابی ڈاکٹر شاہانہ کے خلاف شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر گورنر نے گورنر انسپکشن ٹیم کو تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

ٹیم نے اپنی رپورٹ گورنر کو جمع کرادی جس پر گورنر شاہ فرمان نے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہانہ عروج کو عہدے سے ہٹا کر 90 دن کی جبری رخصت پر بھیج دیا۔

اس حوالے سے محکمہ اعلیٰ تعلیم نےاعلامیہ جاری کردیا جس کے مطابق وائس چانسلر ڈاکٹر شاہانہ نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا، میرٹ کے خلاف بھرتیاں کیں اور مقررہ 6 لاکھ روپے تنخواہ سے زیادہ پیسے وصول کیے۔

اس کے علاوہ وہ اسلام آباد میں فلیٹ کا کرایہ بھی جامعہ سے وصول کرتی رہیں جب کہ ڈاکٹر شاہانہ پیٹرول کی مد میں بھی اضافی پیسے وصول کرتی رہیں۔

دوسری جانب محکمہ اعلیٰ تعلیم کے اعلامیے کے مطابق وی سی گومل یونیورسٹی ڈاکٹر افتخار کو 90 دن کے لیے جبری رخصتی پر بھیجا گیا تھا، ڈاکٹر افتخار احمد نے یونیورسٹی کے شعبہ زراعت کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے خلاف وزیر اعظم کو خط لکھا تھا، کہ یہ ایک مؤثر فیصلہ نہیں ہوگا، گورنر اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کو نظر انداز کرنے پر ڈاکٹر افتخار سے وضاحت طلب کی گئی تھی۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز گورنر کے پی نے سوات یونیورسٹی کے وی سی کو عہدے سے ہٹاکر 90 روز کی جبری رخصت پر بھیجا۔