اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر سے ٹیکس جمع کرنے والے ادارے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے 1743 میں سے 1200 سے زائد افسروں کی طرف سے اپنے ہی ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرائے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ایف بی آر کے صرف 500 کے لگ بھگ افسران انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروا رہے ہیں اور ان میں سے بھی کچھ افسران آن لائن کی بجائے مینوئل ٹیکس گوشوارے جمع کروا رہے ہیں، دستاویز میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ٹیکس ائیر 2013 کیلیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں میں ممبر کسٹمز سمیت دیگر اہم ترین عہدوں پر فائز اعلیٰ افسران بھی شامل ہیں۔
رپورٹ دیکھ کر وزارت خزانہ کے حکام حیران رہ گئے اور شدید برہمی کا اظہار کیا کہ جن لوگوں کو ٹیکس نیٹ بڑھانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، وہ خود ہی ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کروا رہے، ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروانے والے افسران کو 16 جون 2014 تک جرمانے کے ساتھ گوشوارے جمع کروانے کی وارننگ دی ہے۔
اس بارے میں وزارت خزانہ کے حکام سے جب رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ جس کے ذمے جتنا ٹیکس بنتا ہے، وہ وصول کیا جائے گا اور ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی، وفاقی بجٹ کے بعد ملازمین کے ٹیکس گوشواروں کی اسکروٹنی و چیکنگ ہو گی اور ان کے اخراجات بھی چیک ہوں گے۔