بدین (عمران عباس) ڈی سی آفیس اور ایس پی آفیس کے درمیاں قائم پارکنگ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جان بحق، واقعے کی اطلاع ملتے ہی نواحی شہر گولاڑچی میں شٹرڈاﺅن ہڑتال۔
بدین کی ڈی سی سیکریٹریٹ میں کار پارکنگ میں موجود گولارچی کا رہائشی نصیر شاہ نامی شخص کو مسلح افراد کی جانب سے گولیوں سے بھون دیا گیا، جس کو فوری طبی امداد کے لیئے بدین سول اسپتال لے جایا گیا۔
اسپتال میں حالت تشویناک ہونے کے باعث اسے فوری حیدرآباد منتقل کیاجا رہا تھا کہ حیدرآباد کے قریب اس نے دم توڑ دیا جبکہ فائرنگ کرنے والے نامعلوم افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق قتل ہونے والا شخص کورٹ سے پیشی کے بعد واپس آرہا تھا، دوسری جانب جہاں پر فائرنگ کی گئی وہاں پر ایس پی آفیس، ڈی سی آفیس اور سیشن کورٹ بھی موجود ہیں لیکن اس کے باوجود مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کرکے فرار ہوجانا کسی حیرت سے کم نہیں ہے۔
قتل کی تصدیق ہونے کی خبر پھیلنے کے بعد مسلح افراد کی جانب سے بدین کے نواحی شہرمیں ہوائی فائرنگ کی گئی اور شہر کو مکمل طور پر بند کروادیا گیا، جب کہ پولیس کی جانب سے گولاڑچی شہر میں گشت کو بھی بڑھا دیا گیا۔