قصور (بیورورپورٹ) ڈی سی او قصور عمارہ خان کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور کا اچانک دورہ ‘مریضوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ‘ناقص صفائی ستھرائی پر برہمی کا اظہار۔تفصیل کے مطابق ڈی سی او قصور عمارہ خان نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور کا اچانک دورہ کیا اس موقع پر انکے ہمراہ ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر محمد اشرف جاوید اور اے ایم ایس ڈاکٹر ضیاء الرحمن خالد بھی موجود تھے۔
ڈی سی او عمارہ خان نے ایمرجنسی وارڈ ،کارڈیالوجی وارڈ ، خواتین میڈیکل وارڈ ، ڈائیلسز وارڈ اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ہسپتال میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس کو حکم دیا کہ وہ ہسپتال کے تمام وارڈز اور دیگر شعبوں سمیت احاطہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی یقینی بنائیں اور اس عمل میں کسی بھی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائیگی ۔ڈی سی او نے ایمرجنسی اور دیگر وارڈز کے ایئر کنڈیشنز خراب ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس کو حکم دیا کہ ہسپتال میں تمام ایئر کنڈیشنز فنکشنل ہونے چاہیں اورجن وارڈو میں اے سی خراب ہیں وہاں فوری طور پر نئے ایئر کنڈیشنز لگوائے جائیں ۔ ڈی سی او نے ایمرجنسی میں میڈیسن سٹور کا بھی معائنہ کیا اور وہاں ادویات کا ریکارڈ چیک کیا اور متعلقہ سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ تمام سرکاری ادویات پر ہسپتال کی مخصوص مہر لگائیں تا کہ ہسپتال کی ادویات بازار میں فروخت نہ ہو سکیں۔
اس موقع پر ڈی سی اوعمارہ خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تا کہ عوام الناس کو انکے متعلقہ اضلاع سے ہی علاج معالجہ کی بہترین سہولیات میسر آسکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر کے تمام سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی کو جلد پورا کیا جائیگا اور تمام ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی جدید مشینری کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔