قصور (بیورورپورٹ) ڈی سی او قصور عمارہ خان کا تحصیل پتوکی کے مختلف علاقوں کا دورہ ‘ڈینگی تدارک کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا ‘ڈینگی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پراپنی کارکردگی سے آگاہ کریں ‘فرضی کاروائی یا جعلی اعدادو شمار پر متعلقہ افسران اور سٹاف کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔ تفصیلات کیمطابق ڈی سی او قصور عمارہ خان نے گزشتہ روز تحصیل پتوکی کا ہنگامی دورہ کیا اور وہاں قائم نرسریوں پر ڈینگی تدارک کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈی سی او عمارہ خان نے کہا کہ موسم برسات کی آمد کے ساتھ ہی ڈینگی لاروا کی افزائش کا عمل تیز ہو جاتا ہے اس لئے تمام متعلقہ افسران اور سرویلنس ٹیمیں کمر بستہ ہو کر ڈینگی کے خلاف بھرپور اقدامات کریں ۔انہوں نے محکمہ ہیلتھ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مون سون میں ڈینگی لاروا کی افزائش کے خطرے کے پیش نظر اپنے مخصوص علاقوں میں رہتے ہوئے ڈینگی سرویلنس کی خود نگرانی کریں اور روزانہ کی بنیادوں پر کارکردگی رپورٹ دیں۔
ڈی سی او نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز ، اور ٹی ایم اوز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو حکم دیا کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں قبرستانوں ، کبار خانوں ، سروس اسٹیشنز ، نرسریوں ، سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں اور دیگر مقامات کی خود چیکنگ کریں اور ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کو موثر بنائیں ۔ انہوں نے باالخصوص قبرستانوں اور نرسریوں میں پرندوں کیلئے رکھے گئے پانی کے برتنوں اور گملوں کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی کرنے کی ہدایت کی ۔ڈی سی او نے اس موقع پر نرسریز مالکان کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی مچھر کے تدارک کیلئے ضلعی حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور ڈینگی مچھر کے خاتمہ کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے دی گئی ہدایات پر سختی سے عمل کریں ۔ بعدازاں ڈی سی او نے سٹی پتوکی میں صفائی ستھرائی اور پھولنگر میں لیڈی پارک کا بھی معائنہ کیا اور وہاں عوام الناس کیلئے دی گئی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر انکے ہمراہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد اور اسسٹنٹ کمشنر پتوکی بھی تھے۔