قصور (محمد عمران سلفی سے) ڈی سی او قصور /چیئر مین ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ سلمان غنی کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس گزشتہ روز ڈی سی او کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر مسعود طارق، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالناصر گوہر ، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر مظفر اقبال ، تحصیل ڈرگ کنٹرولر ثناء اللہ سیف ، ڈرگ انسپکٹر رمیز احمد خاں ،سیکرٹری ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ حسن سعید ‘ ممبر ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ محمد انس اور دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر اجلاس میں ضلع بھر سے کئے گئے 16 میڈیکل سٹوروں کے چالانوں کی سماعت کی گئی اور تفصیلاً جائزہ لیا گیا ۔ ڈی سی او نے 12 کیسوں کو برائے مزید کاروائی کیلئے ڈرگ کورٹ لاہور بھجوانے کا حکم دیا۔
جبکہ ایک فیصل کلینک الہ آباد کو وارننگ دی گئی اور ایک میڈیکل سٹور کو ڈی سیل کیا گیا جبکہ 2کیسوں کو ملتوی کر دیا گیا اور متعلقہ ڈرگ انسپکٹران کو ہدایت کی کہ ان دو نوں میڈیکل سٹور وں کا دوربارہ معائنہ کر کے رپورٹ کریں تا کہ مزید کاروائی عمل میں لائی جا سکے ۔ ڈی سی او نے حکم دیا کہ غیر معیاری اور جعلی ادویات فروخت کرنیوالوں کیخلاف سخت کاروائی کی جائے۔
ای ڈی او ہیلتھ کو حکم دیا کہ عطائیت کے خلاف بھی پر زور مہم چلائی جائے تا کہ معاشرے کو صاف ستھری اور معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ غیر معیاری اور جعلی ادویات کیخلاف مہم کو مزید تیز کریں اور ذمہ داران کیخلاف بلا خوف وخطر کاروائی عمل میں لائی جائے۔