بنگلہ دیش (جیوڈیسک) بنگلہ دیش میں طوفانی بارش کے باعث ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے کم از کم 25 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بنگلہ دیش کے جنوب مشرق میں واقع پہاڑی اضلاع میں پیش آئے جہاں ایک گاؤں میں 10، دوسرے میں آٹھ اور تیسرے میں سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
علاقہ پولیس کے ایک افسر رفیق اللہ نے خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کو بتایا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اہلکار کارروائیوں میں مصروف ہیں لیکن راستے اور مواصلات کا نظام متاثر ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیاں مشکل ہورہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے کیوں کہ گمان ہے کہ اب بھی کئی لوگ ملبے تلے دبے ہوسکتے ہیں۔
بنگلہ دیش میں ہر سال بارش کے موسم میں طوفانوں اور سیلابوں کا آنا اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات معمول ہیں جن میں درجنوں افراد ہلاک ہوتے ہیں۔
حالیہ تاریخ میں لینڈ سلائیڈنگ کا بدترین واقعہ 2007ء میں چٹا گانگ میں پیش آیا تھا جس میں 130 افراد مارے گئے تھے۔