مری، گلیات، ناران اور دیگر بالائی علاقوں میں بدترین ٹریفک جام

Traffic Jam

Traffic Jam

کراچی (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد کے باعث مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام ہے اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عید کے موقع پر سیاحوں کی بڑی تعداد بالائی علاقوں میں تفریح کے لیے پہنچی لیکن شدید ٹریفک جام کی وجہ سے شدید پریشانی کا سامنا رہا۔ کاغان، ناران اور شوگران جانے والے مسافر چودہ گھنٹوں سے شاہراہ کاغان پر پھنسے ہوئے ہیں۔ اس سڑک پر کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی ہے۔

سڑک کھولنے کے لیے این ایچ اے کا عملہ موجود نہیں اور اعلی افسران کے فون بند ہیں۔شاہراہ کاغان پر گاڑیوں کی بائیس کلومیٹر لمبی قطار لگی ہوئی ہے۔ ایبٹ آباد میں مسلم آباد کے مقام پر شاہراہ قراقرم پر ٹریفک جام ہے جبکہ مری میں بھی سیاحوں کے رش کے باعث اپر جھیکا گلی کے مقام پر سیاحوں کی گاڑیاں ٹریفک میں پھنسی ہوئی ہیں لیکن چیف ٹریفک آفیسر سید اشتیاق شاہ کا کہنا ہے کہ جھیکا گلی سمیت مری میں کسی مقام پر ٹریفک بلاک نہیں ہے۔