نیویارک (جیوڈیسک) ڈیڈ پول اس ہفتے بھی باکس آفس پر چھائی رہی۔ فلم نے اس ہفتے مزید تین کروڑ پندرہ لاکھ ڈالر کماکر اپنی پوزیشن برقرار رکھی۔
ٹِم ملر کی زیر ہدایت بننے والی ڈیڈ پول کی کہانی اسپیشل فورسز سے تعلق رکھنے والے ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو ایک تجرنے کے نتیجے میں اپنی طاقت اور صلاحیتوں میں اضافہ کرتا ہے اور پھر دشمنوں سے بھرپور انتقام لیتا ہے۔ ڈیڈ پول اب تک مجموعی طور پر اٹھائیس کروڑ چھپن لاکھ ڈالر کماچکی ہے ۔
اسی ہفتے ریلیز ہونے والی فلم “گاڈز آف اجپٹ” ایک کروڑ چالیس لاکھ ڈالر کما کر دوسرے نمبر پر آگئی ہے ۔ اپنی توقعات کے برعکس فلم کا بزنس زیادہ اچھا نہیں رہا۔
فلم کی کہانی صدیوں قبل مصر کے ایک ایسے نوجوان چور کے گرد گھومتی ہے جو دنیا پر حکمرانی کے خواہش مند دشمنوں کا مقابلہ نہ صرف طاقت اور ذہانت سے کرتا ہے جبکہ پوشیدہ قوتیں بھی اس کا ساتھ دیتی ہیں۔ اینی میٹڈ ایکشن فلم کنگ فُو پانڈا تھری اس ہفتے تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔ فلم اس ہفتے صرف نوے لاکھ ڈالر کماسکی۔