اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے باوجود وزیر اعلی خیبر پختونخوا سمیت چار سو انیس ارکان اسمبلی نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع نہیں کرائیں۔ الیکشن کمیشن کو 1167 میں سے صرف 748 ارکان اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات موصول ہوئیں، وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک، امین فہیم،شاہ محمود قریشی، جاوید ہاشمی، آفتاب شیرپا سمیت 419 ارکان اسمبلی نے ابھی تک الیکشن کمیشن کو اپنے اثاثوں سے آگاہ نہیں کیا۔
27 سینیٹرز اور 95 ارکان قومی اسمبلی نے تاحال اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔پنجاب کے 123، سندھ کے 68، بلوچستان 27 اور خیبر پختونخوا کے 85 اراکین اسمبلی ایسے ہیں جو الیکشن کمیشن کو اپنے اثاثوں کیبارے میں تفصیلات بتانے سے گریز کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کیلئے 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ تفصیلات جمع نہ کرانیوالے ارکان اسمبلی کی رکنیت 15 اکتوبر کو معطل کر دی جائے گی۔