اسلام آباد (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے بات چیت کا آغاز ہو گیا، یہاں سے پُرامید ہو کر جا رہے ہیں۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کے ساتھ ملاقات کے بعد اعجاز الحق کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات کیلئے پُل کا کردار ادا کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
لگ رہا ہے کہ اب یہ ڈیڈ لاک ختم ہونے والا ہے۔ حکومت کے پاس جا رہے ہیں، اُمید ہے کہ ڈیڈ لاک ختم ہو جائے گا۔
حکومتی وزراء کو اپنے ساتھ لانے کی پوری کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی بنیادوں پر تمام اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے وزیراعظم سے اپیل کرتے ہیں کہ عورتیں، بچے اور بوڑھے بھوکے ہیں۔
فوری طور پر دھرنے میں شریک افراد کیلئے پانی بھیجا جائے کیونکہ یہاں پانی کی بوند تک نہیں ہے۔ حکومت رکاوٹیں ہٹائے اور کھانے کو اندر آنے دیا جائے۔
اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ طاہر القادری نے ہمیشہ ہماری عزت رکھی۔ خوشی ہے کہ طاہرالقادری مذاکرات کیلئے راضی ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ وہ ڈائیلاگ سے نہیں بھاگ رہے پوری کوشش کریں گے کہ بات چیت آگے بڑھے۔