عزیز آباد دھماکوں کے خلاف کراچی میں یوم سوگ

Karachi Yoma Soge

Karachi Yoma Soge

کراچی(جیوڈیسک)عزیز آباد دھماکوں کے خلاف کراچی میں یوم سوگ، پٹرول پمپ اور سی این جی سٹیشن بند، پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں سے غائب، اتوار کو کھلنے والے بازار اور مارکیٹیں بند ہیں۔ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کی اپیل پر آج کراچی سمیت سندھ بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔

پبلک ٹرانسپورٹ، پیٹرول پمپس اور اتوار کو کھلنے والے بازار اور مارکیٹیں بند ہیں۔ دہشت گردی کے مسلسل واقعات اور گزشتہ روز ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر دو بم دھماکوں میں انسانی جانوں کے نقصان پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کی اپیل پر آج کراچی سمیت سندھ بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔

شہر قائد میں صبح سویرے کھلنے والے ہوٹل اور دکانیں، پیٹرول پمپس اور اتوار کو کھلنے والی دکانیں اور بازار اور مارکیٹیں بند ہیں۔ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ برائے نام چل رہی ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کا فائد اٹھاتے ہوئے رکشا اور ٹیکسی والے مسافروں سے من مانا کرایہ وصول کر رہے ہیں۔

آل کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری اور گڈز ٹرانسپورٹرز نے گاڑیاں نہ چلانے کا اعلان کیا ہے۔ سی این جی اینڈ پیٹرول ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پمپس بند رکھنے کا اعلان کیا ہے جبکہ آل سندھ تاجر اتحاد، الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشن سمیت دیگر تاجر تنظیموں بھی کاروبار بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔