لاہور: سربراہ تحریک صراطِ مستقیم پاکستان ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ سزائے موت کے قانون سے پابندی اٹھانے کا فائدہ دہشت گردوں کو بر سرِعام پھانسیاں دینے سے ہو گا۔دہشت گرد حکومت کی بغلوں میں چھپے ہوئے ہیں امن کیسے ہو سکتا ہے؟ حکومت دہشت گردوں کے بارے نرم گوشہ رکھنے والوں کے بارے میں بھی کوئی گوشہ جیل تیار کرے۔
دہشت گردوں کی کاروائیوں کا مدار ان کی مرکزی تنظیموں کے نیٹ ورک پر ہے۔حکومت دہشت گردوں کی نرسری تک ان کا تعاقب کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت آپریشن ضرب عضب کو مزید مؤثر بنائے اور ملک بھر میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں تک آپریشن کا دائرہ کاروسیع کرے۔ چینلوں پر اگر بہت سے دہشت گردی کی مذمت کرنے والے اور شہداء ِپشاور کے بارے میں آنسو بہانے والوں کا کردار حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ کی شہادت کے بعد یزید کے ماتم جیسا ہے یہی لوگ دہشت گردی کے سانپ کو دودھ پلانے والے ہیں اور یہی مذمت کرنے میں بھی آگے آگے ہیں۔
دہشت گردوں کی کھلی حمایت کرنے پر مولوی عبد العزیز کو فی الفور گرفتار کر کے بغاوت کا مقدمہ چلایا جائے۔