نیو یارک (جیوڈیسک) دنیا میں اربوں لوگ ایسے ہیں جو مفلسی میں اپنی تمام عمر گزار دیتے ہیں اور بے یار و مددگار ہی اس دنیا سے رخصت ہوجاتے ہیں لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو مرنے کے بعد بھی کروڑوں روپے کماتے ہیں ایسی ہی ایک شخصیت پاپ موسیقی کے شہشناہ مائیکل جیکسن ہیں جنہیں اس دار فانی سے کوچ کئے 5 برس ہو گئے لیکن اس کے باوجود انہوں نے صرف گزشتہ برس 14 کروڑ ڈالر کی کمائی کی۔
بین الاقوامی شہرت یافتہ امریکی جریدے فوربس کی رپورٹ کے مطابق مائیکل جیکسن نے اپنے میوزک البم اور دیگر ذرائع سے گزشتہ ایک برس کے دوران 14 کروڑ ڈالر کمائے جنہیں اگر پاکستانی روپے میں تبدیل کیا جائے تو 14 ارب 37 کروڑ روپے سے زائد رقم بنتی ہے۔
میگزین کے مطابق دوسرے نمبر پر 1977 میں انتقال کرنے والے امریکی گلوکار ایلوس پریسلے رہے جنہوں نے ایک برس کے دوران 5کروڑ 50 لاکھ ڈالر کمائے، فہرست میں تیسرے نمبر پر بین الاقوامی شہرت یافتہ آنجہانی کارٹونسٹ چارکس شیلز رہے جنہوں نے 4 کروڑ ڈالر کمائے، چوتھے نمبر پر 2011 میں انتقال کرنے والی اداکارہ الزبتھ ٹیلر رہیں جن کی گزشتہ برس آمدنی کا تخمینہ 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر لگایا گیا۔