سزائے موت پر عمل در آمد، کسی کے دباؤ میں نہیں آئینگے، شجاع خانزادہ

Shuja Khanzada

Shuja Khanzada

لاہور (جیوڈیسک) وزیر داخلہ پنجاب کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کا کہنا ہے کہ سزائے موت پر عمل در آمد کے سلسلے میں کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ جن سزائوں پر عمل دآمد روکا گیا ہے، ان پر تکنیکی مسائل ہیں جنھیں ہائی کورٹ دور کر لے گی۔

پنجاب اسمبلی کے باہر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ پنجاب کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کا کہنا تھا کہ ملک اِس وقت غیر معمولی صورتحال میں ہے۔ہمیں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سزائے موت پر عمل دآمد کے سلسلے میں کسی کے دبائو میں نہیں آئیں گے۔

وزیر داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے ایپکس بنا دی ہے جس میں سیاسی اور سکیورٹی قیادت شامل ہے۔ تمام مدارس کی میپنگ کر لی گئی ہے۔ 10فیصد مدارس کیخلاف کارروائی ہو سکتی ہے۔

شجاع خانزادہ نے آرمی پبلک اسکول کے متعلق مولانا عبد العزیز کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری عوام امید کرتی ہے کے ان کے خلاف کاروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور اسکول جیسا واقعہ تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔ میڈیا کا مثبت کردار رہا تو دہشت گردی کےخلاف جنگ جیت لیں گے۔