لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہاز شریف نے کہا ہے کہ فخر سے کہتا ہوں کہ جتنے قرضے اتفاق فاؤنڈری ذمے تھے وہ ادا کر دیے گئے ہیں۔ پچھلے سال دسمبر میں اتفاق فاؤنڈری کے ذمہ سود سمیت پانچ ارب 22 کروڑ 80 لاکھ کی رقم بینکوں نے وصول کی۔
بینکوں نے ہمیں کلیئرنس کے سرٹیفکیٹ بھی جاری کئے۔ اتفاق فاؤنڈری اور تمام متعلقہ کمپنیوں سے واجبات اور مارک اپ وصول کرنے کے بعد بینکوں نے سرٹفیکٹ دیئے۔ اس موقع پر شہباز شریف نے بینکوں کی طرف سے دی گئی رسیدیں بھی دکھائیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے اتفاق فاؤنڈری کا ریفرنس بنایا۔ اتفاق فاؤنڈری ریفرنس میں اگر کوئی حقیقت ہوتی تو عدالت فیصلہ کرتی۔ ان کا کہنا تھا کہ اخبارات میں شہ سرخیوں کا کوئی سر پاؤں نہیں ہے، میڈیا ذرا احتیاط سے کام لے۔