لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف لاہور نے ملک گیر احتجاج کے اگلے مرحلے میں 15 دسمبر کو لاہور شہر کے اہم مقامات پر مظاہروں، دھرنوں اور شہر بند کرنے کی تحریک کے حوالے سے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے پارٹی عہدیداران پر مشتمل کمیٹیوں کے قیام کی منظوری دیدی ہے جو تاجر تنظیموں، وکلا ، لیبر فیڈریشن، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور دیگر جماعتوں سے بات چیت کریں گی
جبکہ پی ٹی آئی لاہور کے تمام ٹاؤنز اپنی اپنی جگہ 15 دسمبر کو بھر پور احتجاج کرنے کی حکمت عملی طے کریں گے۔ اسی طرح پی ٹی آئی ورکرز پنجاب اسمبلی، سول سیکرٹریٹ، گورنر ہاؤس، چیف منسٹر ہاؤس، شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات پر احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیں گے۔
دریں اثنا تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ اسٹیٹس کو قوتیں سمجھتی ہیں کہ اگر عمران خان جیت گیا تو ہماری سیاسی دکانداریاں ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بند ہو جائیں گی۔