لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے سالانہ انتخاب میں خزانچی کے امیدوار روحیل اکبر نے کہا کہ 16 دسمبر فیورٹ پینل کی تاریخی فتح کا دن ہوگاکیونکہ اس دن صحافی برادی اپنے مسائل کے حل کے لیے اپنی برادری سے ایسے افراد کو منتخب کرینگے جو آنے والے دونوں میں سابقہ روایات سے ہٹ کر مشکلات پیدا کرنے کی بجائے ان مشکلات کو حل کروانے میں معاون ثابت ہونگے۔
اپنی الیکشن مہم کے سلسلہ میں مختلف اخبارات کے دفاتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے مگر اس ستون کو سہارا دینے والے ہمیشہ کسی اور کے سہارے کے منتظر رہتے ہیں صحافیوں کا استحصال معمول کی بات بن چکی ہے آئے روز کی ٹارگٹ کلنگ رکنے کا نام نہیں لے رہی معاشرے کو آئینہ دکھانے والے خود محتاجی کا شکار ہوچکے ہیں صحافیوں کے مسائل دن بدن کم ہونے کی بجائے بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔
جسے ہم ختم کروانے میں ترجیحی بنیادوں پر کام کرینگے فیورٹ پینل کے اجلاس میںٍ اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پینل میں تمام ایسے امیدوار ہیں جو ورکنگ کلاس سے تعلق رکھنے کے ساتھ ساتھ شہر کی صحافی برادری میں بھی اچھی شہرت ہے اگر صحافی برادری اپنے حقوق کے لیے ایسی اچھی شہرت اور مخلص لوگوں کو آگے لانے میں اپنا کردار ادا کریں تو آنے والے دور میں کوئی بھی صحافی اپنے مسائل کے حل کے لیے پریشان دکھائی نہیں دیگا۔