فیصلے کی کاپی وزارت داخلہ کو دے دی گئی، مشرف نام ای سی ایل سے نکلنے کے منتظر

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

کراچی (جیوڈیسک) سابق صدر جنرل پرویز مشرف اپنے علاج کے لئے بیرون ملک روانہ نہیں ہو سکے کیونکہ تاحال ملک کے تمام ایئرپورٹس پر پرویز مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہے، ایف آئی اے امیگریشن ذرائع کے مطابق پرویز مشرف کے بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی عائد ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے پرویز مشرف کو بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت دینے کا کوئی نوٹیفکیشن ایف آئی اے امیگریشن حکام کو موصول نہیں ہوا۔ پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی وزارت داخلہ کی اجازت سے مشروط ہے۔

پرویز مشرف کے وکیل فیصل چودھری وزارت داخلہ پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی جمع کرائیں گے تاکہ ان کے مؤکل کا نام ای سی ایل سے نکالا جا سکے۔

دوسری جانب سابق صدر پرویز مشرف کو اسپتال سے گھر منتقل کیا جا چکا ہے جہاں انکی بیرون ملک علاج کے لئے روانگی کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اے پی ایم ایل کی ترجمان آسیہ اسحاق کے مطابق پرویز مشرف علاج کے لئے بیرون ملک کا سفر کرینگے اور علاج کے بعد پرویز مشرف جلد وطن واپس آئیں گے۔