اسلام آباد (جیوڈیسک) عجیب فیصلے ہیں، کسی کو ایک دن، کسی کو پوری زندگی کیلئے نااہل قرار دیا گیا، نگران وزیر اعظم کیلئے اچھے نام زیرغور ہیں، قومی اداروں سے بیک ڈور نہیں، سامنے بات چیت ہوتی ہے، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی صحافیوں سے گفتگو۔
وزیر اعظم نے پی ایف یو جے کے وفد سے گفتگو میں کہا کہ ملکی اداروں میں رشتے آئین نے بنا دیئے ہیں، ان میں بات چیت خفیہ نہیں سامنے ہوتی ہے، نواز شریف نے شہباز شریف کو میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعظم نامزد کیا، اس اعلان کو متنازعہ نہ بنایا جائے، حکومت نے بہت کام کئے ہیں، آئندہ الیکشن میں کامیابی کی توقع ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ احتساب صرف سیاستدانوں کا ہو رہا ہے، عجیب فیصلے ہیں کہ کسی کو ایک دن کسی کو پوری زندگی کیلئے نااہل قرار دیا گیا، ان فیصلوں کا تاریخ میں شاید حوالہ نہ دیا جا سکے، سینیٹ الیکشن میں پارٹی امیدوار سے ہٹ کر ووٹ دینے والے کا احتساب عوام کریں گے۔