ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے کینسر سے جنگ لڑنے والے اداکار عرفان خان کی وجہ سے فلم ’سپنا دی دی‘ چھوڑ دی۔
دپیکا پڈوکون ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوت‘ کے بعد سے اب تک کسی بھی فلم میں جلوہ گر نہیں ہوئی ہیں اور انہوں نے حال ہی میں ایک فلم ’سپنا دی دی‘ سائن کی تھی۔
اداکارہ ان دنوں اپنی شادی کی تیاریوں میں بھی مصروف ہیں لیکن اب انہوں نے اچانک ہی ہدایت کار وشال بھردواج کی فلم سائن کرکے چھوڑ دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دپیکا پڈوکون نے وشال بھردواج کی فلم ’سپنا دی دی‘ میں کام سے انکار کرتے ہوئے فلم کا معاوضہ واپس کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دپیکا پڈوکون نے فلم میں کام سے انکار شادی کی تیاریوں اور عرفان خان کی بیماری کی وجہ سے کیا ہے۔
انہوں نے ہدایت کار وشال بھردواج سے کہا ہے کہ وہ ذاتی مصروفیات کے باعث فلم میں کام نہیں کررہی ہیں اور اگر عرفان خان صحت مند ہوکر واپس لوٹیں گے تو فلم کی کاسٹ کو دوبارہ جوائن کر لیں گی۔
عرفان خان اور دپیکا پڈوکون نے 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم ’پیکو‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا، اس فلم نے باکس آفس پر کامیابی حاصل کی تھی اور مداحوں نے دپیکا اور عرفان کی اداکاری کو بے حد پسند کیا تھا۔
خیال رہے کہ بالی وڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان نیورو اینڈو کرائن کینسر کی وجہ سے گزشتہ کئی ماہ سے لندن میں زیر علاج ہیں۔