ممبئی (جیوڈیسک) پاکستانی اداکار فواد خان نے بالی ووڈ میں صرف دو فلموں سے ہی ایک بڑا مقام حاصل کر لیا ہے اور اب بالی و وڈ کی نمبر ون ہیروئین دیپکا پڈوکون بھی ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔
بھارتی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق کچھ روز قبل فواد خان اور سدھارتھ ملہوترا نے اپنی فلم ‘کپور اینڈ سنز’ کی تشہیر کے دوران ایک انٹرویو میں دیپکا کے ہمراہ کام کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی اس کے بعد ٹوئٹر پر دیپکا نے بھی فواد اور سدھارتھ کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
دیپکا کا کہنا تھا کہ وہ بھی دونوں اداکاروں کے ساتھ فلم کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں ریلیز فلم ‘کپور اینڈ سنز’ کے لیے بھی سدھارتھ، فواد اور عالیہ بھٹ کو مبارک باد دی۔
دوسری جانب قیاس آرائیاں ہیں کہ پروڈیوسر کرن جوہر فواد خان، سدھارتھ ملہوترا اور دیپکا پڈوکون کے ساتھ ایک فلم بنانے کا ارادہ کر رہے ہیں۔