ممبئی (جیوڈیسک) دیپیکا پڈکون نے اپنی شادی پر کترینہ کیف کو نہ بلانے کا فیصلہ کر لیا۔ بالی ووڈ کی 2 بڑی اداکاراؤں دپیکا پڈوکون اور کترینہ کیف کے درمیان اختلافات سے پوری فلم انڈسٹری واقف ہے لیکن دپیکا کترینہ کیف سے اس حد تک نفرت کرتی ہیں کہ دیپکا پڈکون نے اپنی زندگی کے سب سے اہم دن پر انہیں شامل نہ کرنے کا فیصلہ تک کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کی شادی کے بعد تمام لوگوں کی نظریں دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی پر جمی ہیں،دونوں کی شادی کے حوالے سے خبریں میڈیا میں گردش کررہی ہیں کہ دپیکا رنویر، ویرات انوشکا کی طرح بھارت سے باہر سمندر کنارے کسی خوبصورت مقام پر شادی کریں گے، ویرات انوشکا کی طرح دپیکا رنویر کی شادی کے بھی 2ریسیپشن ہوں گے جن میں سے ایک ممبئی میں اور دوسرا بنگلور میں منعقد کیا جائے گا۔ جب کہ توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں 2018 کے وسط میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے تاہم دپیکا اپنی خوشیوں بھرے دن جس اداکارہ کی موجودگی برداشت نہیں کرسکتیں وہ بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق دپیکا پڈوکون نے چندروز قبل اپنی بہن انیشا کےساتھ نہیا دھوپیا کے شو میں شرکت کی۔ ایک انٹرویو کے دوران جب نیہا نے دپیکا کی شادی کے حوالے سے سوال پوچھا تو دپیکا خاموش ہو گئیں لیکن انیشا نے اپنی بہن کی طر ف سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے شادی میں کترینہ کیف کو نہ بلایا جائے۔
واضح رہے کہ دپیکا اور کترینہ کے درمیان اختلافات کی وجہ رنبیر کپور ہیں۔ ابتدا میں دپیکا اور رنبیر کپور ایک دوسرے کو بہت پسند کرتے تھے لیکن دونوں کی محبت کے درمیان کترینہ کیف آگئیں اور رنبیر دپیکا کو چھوڑ کر کترینہ کے زلفوں کے اسیر ہوگئےاسی وقت سے دونوں اداکاراؤں کے درمیان خاموش جنگ جاری ہے۔
سالوں سے ایک دوسرے کے ساتھ رہنے کے بعد رنبیر کپور اورکترینہ کیف میں بھی اب علیحدگی ہوچکی ہے لیکن دپیکا اور کترینہ کے درمیان اختلافات کم نہ ہوسکے۔