دپیکا پڈوکون ایک بار پھر پردہ اسکرین پر دھوم مچانے کے لئے تیار

Deepika Pdukun

Deepika Pdukun

لاہور (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکارہ دیپکا پڈوکون سال رواں میں لیجنڈ اداکار رجنی کانت اور بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ پردہ اسکرین پر پھر دھوم مچانے کے لیے آرہی ہیں ۔ دیپکا پڈوکون سال 2013 کی بہترین اداکارہ کے ایوارڈز کے ساتھ اوپر تلے چار بلاک باسٹر فلموں کے ساتھ سرفہرست رہیں۔

اب سال رواں میں ان کی تین فلمیں زیرتکمیل ہیں جن میں سے ایک فلم لیجنڈ اداکار رجنی کانت کے ساتھ تامل اور ہندی زبان میں بننے والی فلم Khocadaiiyaan اور بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ ہیپی نیوائیر جلوہ گر ہونگی ۔ تفصیلات کے مطابق بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ 2007 میں بلاک باسٹر فلم اوم شانتی اوم سے بالی وڈ میں دھماکے دار انٹری دی۔ اس فلم پر اسے بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ بھی لے گئیں ۔ اوم شانتی اوم کی کامیابی اور پہلی ہی فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ ہیروئن کا کردار اس کے لیے خوش قسمتی کا باعث بنا جس کے بعد اس نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا ۔ 2008 میں اپنے فرینڈ رنبیر کپور کے ساتھ بچنا اے حسینوں میں جلوہ گر ہوئیں جس میں اس کے علاوہ ببا شا باسو اور امیشا لامبا بھی ہیروئن کے طور پر شامل تھیں۔ یہ فلم کامیاب نہ ہوسکی مگر 2009 میں سیف علی خان نے اپنے ہوم پروڈکشن لو آج کل میں ہیروئن لیا جس کو جب وی میٹ کے امیتاز علی نے ڈائریکٹ کیا ، اس فلم میں سیف علی خان اور دیپکا پڈوکون کی جوڑی کلک کرگئی ۔ اس کو دیکھتے ہوئے سیف علی خان نے 2012 میں اپنی ہوم پروڈکشن کاک ٹیل میں اپنی دوست کرینہ کپور کے بجائے دیپکاپڈوکون کا ہی انتخاب کیا یہ فلم بھی باکس آفس پر اپنا اثر دکھانے میں کامیاب رہی ۔

اس دوران انھوں نے کارتک کالنگ کارتک ،لفنگے پرندے ، چاندنی چوک ٹو چائنہ ، کھیلیں ہم جی جان سے جیسی فلمیں فرحان اختر ، نیل نتن مکیش اکشے کمار ، اور ابھیشک بچن کے مقابل کیں جو باکس آفس پر کامیابی حاصل نہ کرسکیں ۔ اس پر فلمی حلقوں میں کہا جانے لگا کہ دیپکا پڈوکون کا فلمی کیرئیر اختتام پذیر ہورہا ہے۔دیپکا پڈوکون نے روہن سپی کی فلم دم مارو دم میں زینت امان پر فلمایا جانے والا گیت دم مارو دم آئٹم سانگ پر پرفارم کیا۔ 2010 سے 2011 کے اس مشکل دور میں ہی پرکاش جھا کی ایجوکیشن کے موضوع پر بننے والی فلم آردکشن نے کسی حد تک اس کے فلمی کیرئیر کو سہارا دیا ۔ اکشے کمار کے ساتھ فلم دیسی بوائز جیسی کامیڈی رومانٹک فلم بھی کی جو ڈھوڈ دھون کے بیٹے روہت دھون کی بطور ڈائریکٹر پہلی فلم تھی۔ اسی عرصے میں ساجد خان کی کامیڈی فلم ہاس فل بھی شامل تھی جس میں ان کے مقابل اکشے کمار ہی تھے۔ 2012 اس کے لیے کامیابیوں کا سال ثابت ہوا جس میں سیف علی خان کی فلم کاک ٹیل کامیاب ہوگئی اور سال رواں میں تو اس نے اپنے مقابل کی تمام اداکاراں کو پچھاڑ کر رکھ دیا ہے۔ سال2013 میں 26 جنوری کو عباس مستان کی فلم ریس ٹو ریلیز ہوئی جس میں سیف علی خان کے ساتھ ہیروئن کا کردار کیا ۔ یہ فلم بھی ریس کی طرح باکس آفس پر کامیاب رہی ۔

31 مئی کو سابقہ بوائے فرینڈ رنبیر کپور کے ساتھ فلم یہ جوانی ہے دیوانی نے کامیابیوں کے نئے ریکارڈ قائم کردیے جو رنبیر اور دیپکا پڈوکون کی علیحدگی کے بعد پہلا مشترکہ پراجیکٹ تھا ۔ سال رواں کی تیسری بلاک باسٹر فلم چنائی ایکسپریس آئی جس میں کیرئیر کا کامیاب آغاز کرنیوالے اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ ہیروئن تھیں۔ سال رواں کی یہ تینوں فلمیں اب تک بلاک باسٹر ثابت ہوئی ہیں ان تینوں فلموں نے سو کروڑ سے زائد کا بزنس کیا ہے۔ پندرہ نومبر کو سنجے لیلا بنسالی کے ساتھ رام لیلا ریلیز ہوئی جس میں رنویر سنگھ کے ساتھ مرکزی کردار کیا اور باکس آفس پر چھا گئیں ۔اس فلم کی ایک خاص بات فلم کا میوزک سنجے لیلا بنسالی نے ہی دیاتھا ۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ کامیابیوں کا کریڈٹ اپنے پرستاروں کو دینا چاہونگی جنہوں نے میری ان فلموں کو پسندیدگی کی سند دی۔ دیپکا پڈوکون نے کہا کہ کامیابی کا کوئی فارمولا نہیں ہوتا ، ہر پروڈیوسر اور ڈائریکٹر اپنے پراجیکٹ پر محنت کرتا ہے۔بس فلم بینوں کو پسند آنا چاہیے ، شاید میری قسمت اچھی ہے کہ سال2013 کو ریلیز ہونے والی فلمیں فلم بینوں کو پسند آئیں ۔ کامیابیو ں کے اس سلسلہ کو جاری رکھنے کے لیے پہلے سے زیادہ محنت کر رہی ہوں۔ جہاں تک منتخب پراجیکٹ کرنے کی بات ہے تو ابھی تک میں جتنے بھی پراجیکٹ کر رہی ہیں ایک دوسرے سے منفرد اور اچھے ہیں جن میں مختلف انداز سے پردہ اسکرین پر دکھائی دونگی۔

تامل فلموں کے سپراسٹار رجنی کانت کے ساتھ کام کرنا اپنے لیے اعزاز سمجھتی ہوں یہ فلم پچھلے سال تیرہ دسمبر کو ریلیز ہوناتھی مگر اب یہ گیارہ اپریل کو نمائش کی جائے گی۔ رجنی کانت بڑے فنکار ہونے کے ساتھ باکمال شخصیت کے بھی مالک ہیں جو پردہ اسکرین پر اپنے شخصیت اور کردار نگاری سے چھا جاتے ہیں ۔ جس کا فائدہ ان کے ساتھ کام کرنیوالے کواسٹارز کو بھی ہوتا ہے ۔ شاہ رخ خان کے ساتھ فلمی کیرئیر کا آغازکیا ا ور اب تیسری مرتبہ ان کے ساتھ ہیروئن کا رول کرنے جارہی ہوں۔ اس فلم کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس فلم کو فرح خان ڈائریکٹ کر رہی ہیں جنہوں نے مجھے اوم شانتی اوم کے ذریعے بالی وڈ میں بریک تھرو دیا ہے۔ رنویر سنگھ میرے اچھے دوست ہیں اور اس سے زیادہ کچھ نہیں ہے ۔ رنبیر کپور نے مجھے بہت دکھ دیا مگر ان تمام باتوں کو بھلا کر آگے کی طرف دیکھ رہی ہوں۔