ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ جوڑی دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ بھارت سے اٹلی روانہ ہوگئے جہاں 14 اور 15 نومبر کو ان کی شادی کی تقریبات ہوں گی۔
بالی وڈ نگری میں فنکاروں کے درمیان بیرون ملک اور خاص طور پر اٹلی میں شادی کی تقریبات کے انعقاد کا رجحان بڑھتا جارہا ہے جسے ڈیسٹینیشن ویڈنگ کہا جاتا ہے۔
دپیکا اور رنویر سے قبل انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی شادی بھی اٹلی میں ہوئی تھی جس پر بھارت میں بعض حلقوں کی جانب سے شدید تنقید سامنے آئی تھی۔
ناقدین کا کہنا تھا کہ اداکار بھارت میں رہ کر پیسہ اور عزت کماتے ہیں اور شادی بیرون ملک کرتے ہیں، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تاہم بعض حلقوں نے بیرون ملک شادی کو اداکاروں کی اپنی مرضی قرار دیا تھا۔
ڈیسٹینیشن ویڈنگ کے حوالے سے اب تک دپیکا اور رنویر کی شادی پر اس طرح تنقید سامنے نہیں آئی جس طرح ویرات کوہلی اور انوشکا کی شادی میں دیکھی گئی تھی۔
دپیکا اور رنویر کی شادی کے مقام کو خفیہ رکھا گیا ہے تاہم اس حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ رنویر اور دپیکا نے شادی کے مقام کے لیے دریا کے کنارے اٹلی کے خوبصورت ترین مقام ‘لیک کومو’ کا انتخاب کیا ہے جو تین مختلف جگہوں سے پانی سے گھرا ہوا ہے۔