پونے (جیوڈیسک) بھارت میں عوامی مقام پر پروگرام کے دوران نازیبا زبان استعمال کرنے پر بالی ووڈ کے نامور ہدایت کار کرن جوہر، دپیکا پڈوکون، سوناکشی سنہا، رنویر سنگھ اور ارجن کپور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پونے پولیس نے ’اسٹینڈ اپ‘ کامیڈی گروپ ’اے آئی بی‘ کی جانب سے حال ہی میں منعقد ایک شو کے دوران نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر ہدایت کار کرن جوہر اور بالی ووڈ اداکاروں ارجن کپور، رنویر سنگھ، سوناکشی سنہا اور دپیکا پڈوکون کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقامی پولیس نے سوشل میڈیا ویب سائٹ یو ٹیوب کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا ہے۔ عوامی مقام پر نازیبا الفاظ استعمال کرنے کے جرم میں ان تمام افراد کو 5 سے 10 سال کی سزا ہو سکتی ہے جب کہ دوسری جانب یو ٹیوب نے بھی اس ویڈیو کو اپنی ویب سائٹ سے ہٹا دیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مہاراشٹرا حکومت اور ممبئی پولیس نے بھی کرن جوہر، ارجن کپور اور رنویر سنگھ کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کے خلاف تحقیقات کی تھیں جب کہ اس شو کی ریکارڈنگ ہزاروں افراد کے سامنے کی گئی تھی، کامیڈی شو اے آئی بی امریکی پروگرام ’روسٹ شو‘ کی نقل ہے جس میں مشہور شخصیات کا مذاق اڑایا جاتا ہے۔