لاہور (جیوڈیسک) سابق کپتان عامر سہیل نے کہا ہے کہ ورلڈ ٹی 20 میں شکست کے بعد کپتان محمد حفیظ کو قربانی کا بکرا بنایا گیا۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کپتان کو عہدے سے الگ کرنے والے اب جو پلاننگ کر رہے ہیں اس کے بعد ٹیم مزید تباہی کی طرف جانے والی ہے۔
چہرے بدل جائیں گے مگر اندرون خانہ کارروائیاں اسی طرح چلتی رہیں گی۔ انھوں نے کہا کہ پی سی بی اس وقت بدترین حالات سے دوچار ہے مگر حکام کو فکر تک نہیں کہ وہ جو کچھ کررہے ہیں اس کا نقصان پاکستان اورکرکٹ کو ہوگا۔
سابق کپتان نے کہا کہ قول و فعل میں تضاد خرابیوں کی اصل جڑ ہے، حکومتی فیصلے نے پاکستان کرکٹ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، اس کا ایک عکس ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھی دیکھنے کو ملا جہاں پاکستانی ٹیم پہلی بار سیمی فائنل کھیلنے سے محروم رہ گئی۔
عامر سہیل نے کہا کہ یہ منطق ہی سراسر غلط ہے کہ چیئرمین پی سی بی کو بھلا کون سا میدان میں جا کرکھیلنا ہو گا، کیونکہ جب ایک ادارے میں کوئی نظام ہی موجود نہیں اور سربراہ یہ جانتا ہی نہ ہوگا کہ کون سا فیصلہ کب اور کس طرح کرنا ہے تو تباہی کے سوا کچھ نہیں ہوسکتا۔یاد رہے کہ عامر سہیل کو نجم سیٹھی نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے ہٹادیا تھا۔