لاہور : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قومی رہنما، کوارڈئینیٹر وزیر اعلیٰ پنجاب رانا مبشر اقبال، چئیرمین کاہنہ، معروف تاجر حاجی بشارت علی رحمانی نے کاہنہ نو میں کالج، ہسپتال، پانی پلانٹ اور شہزادہ روڈ کا افتتاح کرتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں صوبہ پنجاب اور ملک میں ترقیاتی کام تیزی سے ہو رہے ہیں لیکن شکست خوردہ عناصر اور تھکے ہوئے سیاستدان ترقی کے اس سفر کو سبوتاژ کرنے کی دوبارہ ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
یہ شکست خوردہ ذہن نہیں چاہتے کہ پاکستانی نوجوانوں کا مستقبل سنورے، روزگار ملے، ملک میں ترقی ہو اور خوشحالی کا انقلاب آئے۔ یہ شکست خوردہ ذہن ترقی اور خوشحالی کے سفر میں دوبارہ رخنہ ڈالنے کے درپے ہیں۔ پاکستان کے باشعور عوام تھکے ہوئے سیاستدان اور شکست خوردہ ذہن کو ایک بار پھر شکست دیں گے۔ ایک سیاسی جماعت جس کے سربراہ کو 2018 کے عام انتخابات کی جانب توجہ دینی چاہیئے لیکن ان کا ہدف 2018 کے الیکشن نہیں بلکہ سی پیک ہے جس پر دن رات کام ہو رہا ہے اور سی پیک کے تحت منصوبے بے پناہ تیز رفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ سی پیک ملک میں ترقی و خوشحالی کا پیغام دے رہا ہے جس سے ہزاروں لوگوں کو روزگار ملے گا۔
عام آدمی کیلئے ترقی اور خوشحالی کا سمندر بہنا شروع ہو چکا ہے لیکن یہ لوگ ترقی کے اس سمندر کے آگے بند باندھنا چاہتے ہیں تاکہ عام آدمی کو فائدہ نہ پہنچے لیکن پاکستان کے 20 کروڑ عوام شکست خوردہ عناصر کی یہ کوشش اپنے ہاتھ سے دفن کر دیں گے اور ترقی رکے گی نہیں بلکہ مزید تیزی سے آگے بڑھے گی۔ تھکے ہوئے سیاستدان اور شکست خوردہ ذہن دھرنوں اور جلوسوں کے ذریعے سی پیک کو روکنا چاہتے ہیں لیکن ان کی یہ کوشش کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ شکست خوردہ سیاست دان نہیں چاہتے کہ عام آدمی کو میٹرو ٹرین جیسی جدید اور عالمی معیار کی سفری سہولت ملے جس میں مزدور، استاد، نرس، طالب علم، کسان، بیوہ، وکیل اورمحنت کش اڑھائی گھنٹے میں طے ہونے والے 27 کلومیٹر کے سفر کو 45 منٹ میں طے کریں گے۔ یہ عناصر عام آدمی کو کیڑا مکوڑا سمجھتے ہیں اور خود تو بڑی بڑی گاڑیوں میں گھومتے ہیں اور غریب کو آسانیاں دینے کیلئے منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں۔
حکومت وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ایک عزم کے ساتھ عوامی خدمت کر رہی ہے۔ ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھ رہا ہے۔وائس چئیرمین ارشد رضا ایڈوکیٹ،رانا راشد مہناس، سیاسی و سماجی رہنما آصف علی ،کونسلرز ،سجاد بھٹی،ذولفقار ، عرفان شاہ ان کے ہمراہ تھے۔