کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پوری قوم شہداء کو زبردست خراج عقیدت اور مسلح افواج کے سربراہوں اور تمام بہادر افسروں اور جوانوں کو ان کی جرات پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت بھی پاک افواج کے افسران و جوان ملک کی سلامتی و بقاء کی خاطر شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف ملک کی تاریخ کی اہم جنگ لڑ رہی ہے جس میں پاک افواج کے متعدد افسران اور جوان شہید و زخمی بھی ہو رہے ہیں جس پر پوری قوم نہ صرف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے بلکہ جام شہادت نوش کرنے والے بہادر افسران اور سپاہیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ کے ملک اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے دوچار ہے اور اندرونی وبیرونی سازشوں کا شکار ہے جبکہ پاک مسلح افواج اس وقت ملک کی دفاع میں مصروف ہے۔
ہمیں پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہر ہ کرنا چاہیئے لہذا اسلام آباد میں دونوں سیاسی ومذہبی جماعتوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے جاری دھرنوں کو فوری طور پر ملتوی کر کے مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔