کراچی (جیوڈیسک) مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، مہمان خصوصی پی ایف اکیڈمی رسالپور کے ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر وائس مارشل عاصم ظہیر نے پریڈ کی سلامی لی اور مزار قائد پر حاضری دی۔
ان کا کہنا ہے کہ دشمن نے دوبارہ ایڈونچر کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیا، پاک آرمی اور پاک بحریہ کے تحت بھی تقاریب منعقد کی گئیں۔ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فضائیہ کے 785 کیڈٹس نے حصہ لیا جن میں چھ خواتین شامل تھیں۔
مہمان خصوصی پی ایف اکیڈمی رسالپور کے ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر وائس مارشل عاصم ظہیر نے پریڈ کا معائنہ کیا ۔ فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے پاک بحریہ کی جگہ مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے ۔ ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر وائس مارشل عاصم ظہیر سمیت تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے مزار قائد پر حاضری دی۔
پھولوں کی چادر چڑھائی ، فاتحہ خوانی کی اور بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1948 میں قائد اعظم نے پی اے ایف اکیڈمی رسالپورکا دورہ کر کے اعتماد کا اظہار کیا تھا ۔ پاک فضائیہ دنیا میں دوسرے نمبر کی بہترین ائیر فورس ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج نے 1965 میں دشمن کو عبرتناک شکست دی۔ دشمن نے دوبارہ ایڈونچر کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔ 1965 میں ہمارے پاس ایک ایم ایم عالم تھا آج کئی ایم ایم عالم تیار ہیں۔
تینوں مسلح افواج کے نمائندوں اور رینجرز کے ڈپٹی ڈائریکٹر بریگیڈئیر محمد اظہر خان نے مزار قائد پر حاضری دی ۔ مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔ وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ کامران مائیکل نے بھی مزار قائد پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم متحد ہے۔
میاں نواز شریف کی پالیسی قابل تحسین ہے۔ مسلح افواج کی قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے ۔ پاک بحریہ کے زیر اہتمام یوم دفاع کی تقریب کارساز میں منعقد ہوئی ۔ پرچم کشائی کی گئی۔ ملیر کینٹ میں پاک آرمی کے تحت یوم دفاع کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں پاک آرمی کے چاق و چوبند دستے نے پریڈ میں حصہ لیا ۔ تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل شہزاد نعیم تھے۔ اس موقع پر اسلحے کی نمائش میں ٹینک ، سنائپر گنز ، انجینیرنگ مشینری اور دیگر ساز و سامان رکھا گیا۔