یوم دفاع پاکستان، مزار اقبال پر رینجرز کے دستے نے فرائض سنبھال لئے

Mazar-e-Iqbal

Mazar-e-Iqbal

لاہور (جیوڈیسک) ملک بھر میں یوم دفاع جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔ لاہور اور صوابی میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

مزار اقبال پر ہونے والے پروقار تقریب میں رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ میجر جنرل شاہد بیگ مرزا اور سیکٹر کمانڈر بریگیڈئر نجیب عامر گل نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ لاہور میں میانی صاحب کے قبرستان میں میجر شبیر شریف کے مزار پر میجر جنرل بلال اکبر نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔

پاک فوج کے تازہ دم دستے نے سلامی بھی پیش کی۔ لاہور کے علاقے باٹا پور میں یوم شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔ صوابی میں کارگل جنگ کے ہیرو کرنل شیر خان شہید کے مزار پر بریگیڈیئر عبدالنعیم نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

پاک فوج کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔6 ستمبر ملکی تاریخ کا روشن دن ہے۔ یوم دفاع کے حوالے سے نشان حیدر پانے والے حوالدر لالک جان شہید کے مزار پر پروقار تقریب منعقد کی گئی۔