ڈیفنس میں شہری سے رقم چھیننے پر 4 پولیس اہلکار گرفتار

Police

Police

کراچی (جیوڈیسک) ڈیفنس میں شہری پر تشدد کر کے بھتہ وصول کرنے والے ڈیفنس تھانے کے 4 پولیس اہلکاروں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ ڈیفنس پولیس نے شہری کی شکایت پر اپنے ہی تھانے کے ایک اے ایس آئی سمیت 4 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیفنس کے رہائشی نے پولیس کو درخواست دی تھی کہ جمعے کی شب ڈیفنس سن سیٹ کلب کے قریب ڈیفنس پولیس کی موبائل میں تعینات 4 پولیس اہلکاروں نے اسے روکا اور وہاں سے ایک ویران مقام پر لے گئے جہاں انھوں نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا۔

اور بعدازاں تلاشی کے بہانے 22 ہزار روپے کی رقم چھین لی اور جاتے ہوئے اسے شکایت کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔ اس حوالے سے ایس پی کلفٹن فدا حسین کا کہنا ہے کہ درخواست گزار کی جانب سے دی جانے والی معلومات کی تفتیش کی گئی تو مذکورہ پولیس اہلکار واقعے میں ملوث نکلے۔

جس پر انھوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا حکم دیاہے۔ ڈیفنس تھانے رابطہ کرنے پر ڈیوٹی افسر سکندر نے بتایا کہ اس حوالے سے ابھی تک کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا اور نہ ہی درخواست گزار تھانے آیا، جن پولیس اہلکاروں پر شہری سے رقم چھیننے کا الزام ہے اس میں اے ایس آئی صابر، ہیڈ کانسٹیبل کوثر اور 2 کانسٹیبلز ارشد اور راشد شامل ہیں۔