دفاع وطن کے لیے ہمیں کسی کی اجازت درکار نہیں: رجب طیب ایردوان

Rajab Tayyip Erdoğan

Rajab Tayyip Erdoğan

ترکی (جیوڈیسک) صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ روس سے ہمیں جلد ہی ایس 400 دفاعی نظام مل جائے گا۔ انہوں نے یہ بات ضلع بال کثیر میں فارغ التحصیل فوجی افسران کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کہی۔

صدر نے کہا کہ جن ممالک نے انسداد دہشتگردی کے لیے ہماری دفاعی مدد کے بجائے دہشت گردوں تک اپنا اسلحہ پہنچایا آج وہ ہمیں سبق سکھا رہے ہیں لیکن میں یہ بتادوں کہ ہمیں دفاع وطن کےلیے متبادل ذرائع تلاش کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس 400 دفاعی نظام کا معاہدہ روس کے ساتھ طے ہے جو کہ جلد ہی یہ نظام ہمارے حوالے کر دے گا۔

امریکی پابندیوں کے بارے میں صدر کا کہنا تھا کہ ہم پر دنیا کے دروازے یک طرفہ طور پر بند کرنا ایک غیر اخلاقی حرکت ہے ،امریکہ اپنے گریبان میں جھانکے کہ اس نے دنیا میں کیا گل کھلا رکھے ہیں ،ترکی نے کبھی بھی دو طرفہ تعلقات میں کسی غفلت اور ریا کاری کا سہارا نہیں لیا۔

امریکی پادری انڈریو برونسن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ پادری سے متعلق قوانین کی روشنی میں کاروائی کا بہانہ بنا کر ہمارے خلاف امریکہ نے جو عسکری اور اقتصادی پابندیاں لگائی ہیں وہ ناقابل فہم ہیں۔