نیویارک (جیوڈیسک) دفاعی چیمپئن اینڈی مرے، چین کی لی نا اور مارٹن ڈیل پوٹرو یو ایس اوپن کے تیسرے رانڈ میں پہنچ گئے جبکہ امریکہ کی وینس ولیمز کا سفر اپ سیٹ شکست کے بعد دوسرے رانڈ میں ختم ہو گیا۔ نیویارک سٹی میں ہونیوالے سیزن کے آخری گرینڈ سلیم کے تیسرے روز بارش کے باعث اکثر میچوں کو ملتوی کر دیا گیا۔
تاہم دیگر ہونیوالے مقابلوں میں ویمنز سنگلز کے دوسرے رانڈ میں چین کی لی نانے سویڈن کی صوفیہ کو باآسانی سٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔ صوفیہ کی فتح کا سکور چھ دو اور چھ دو رہا۔ ادھر امریکہ کی وینس ولیمز کو چین کی زینگ جی سے اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہونا پڑا۔
چین کی زینگ جی نے تین گھنٹوں کے مقابلے کے بعد امریکی حریف کو چھ تین، دو چھ اور سات چھ سے ناک آٹ کیا۔ مینز سنگلز میں دفاعی چیمپئن بر طانوی سٹار اینڈی مرے نے فرانسیسی حریف مائیکل لیوڈرا کے خلاف با آسانی کامیابی حاصل کی۔ سابق چیمپئن ارجنٹائن کے یوان مارٹن ڈیل پوٹرو نے سپین کے گارسیا لوپز کو ٹائی بریک پر زیر کیا۔ ڈیل پوٹرو کو چار گھنٹے اور تیرہ منٹ کے طویل مقابلے میں چھ تین، چھ سات، چھ چار اور سات چھ سے کامیابی ملی۔