کازان (جیوڈیسک) فٹبال ورلڈکپ کا سب سے بڑا اپ سیٹ، دفاعی چیمپئن جرمنی ورلڈ کپ سے باہر، جنوبی کوریا کے ہاتھوں جرمنی کو 0-2 سے شکست ہوئی۔
چار مرتبہ ورلڈ ٹائٹل جیتنے والی جرمن ٹیم 80 سالوں میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہوئی ہے، روس کے شہر کازان میں میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیمیں مقررہ وقت تک ملنے والے مواقع سے فائدہ نہ اٹھا سکیں اور مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ مجموعی طور پر جرمن کھلاڑیوں نے 70 فیصد سے زائد بال کا پوزیشن اپنے پاس رکھ کر میچ پر اپنا غلبہ برقرار رکھا تاہم جنوبی کوریا کے خلاف گول اسکور نہ کرسکی۔ جنوبی کوریا کے گول کیپر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرمن شاٹس کو گول کے جال سے دور رکھا۔
اضافی وقت کے دوسرے ہی منٹ میں جنوبی کوریا کے کم یانگ گون نے خوبصورت گول کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلا دی جس کے بعد 96 ویں منٹ میں سان ہوئنگ من نے دوسرا گول کرتے ہوئے ٹیم کی فتح پر مہر تصدیق ثبت کردی۔ شکست کے نتیجے میں جرمنی کو کوئی پوائنٹ نہیں مل سکا جبکہ جنوبی کوریا بھی فتح کے باوجود ٹورنامنٹ کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ جرمنی نے 2014 ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کو ہرا کر ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر پر سجایا تھا۔ 1938 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب جرمنی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں باہر ہوا ہے۔