لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دفاعی میدان میں خودکفالت حاصل کرلی، اب اقتصادی خودکفیل بننا ہے، ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
لاہور میں یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا،خطے کے تمام ممالک کیساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں،یہ بہت ضروری ہے کہ ہمسائے ممالک سے تعلقات اچھے ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم ملک کو لوڈ شیڈنگ کی لعنت سے پاک کریں گے،آج بے امنی، غربت، جہالت اور لوڈ شیڈنگ کو ختم ہونا چاہئے تھا، ہماری کوشش ہے کہ لوڈ شیڈنگ ختم کریں، غربت کا خاتمہ کریں، ایٹمی ملک ایسا نہیں ہوتا جہاں اندھیرے اور بے روزگاری ہو، یہ کیسا ایٹمی ملک ہے جہاں امن کم اور بدامنی اور غربت زیادہ ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ دفاعی نظام میں خود کفالت حاصل کرلی ہے، اب ہمیں معاشی میدان میں خود کفالت حاصل کرنی ہے، ہماری ساری توجہ اقتصادی خود کفالت کی طرف ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چین اچھا دوست ہے جو اس وقت ہمارے ساتھ کھڑا ہے، چین کا ساتھ نہ ہوتا تو بجلی کی پیداوار کا ایک بھی پلانٹ نہیں لگا سکتے تھے، ہمیں ترقی کے لیے خود اقدامات کرنا ہوں گے، گڈانی میں 6 بجلی گھر لگانے کا منصوبہ ہے۔